ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سعودی عرب:بغیر اجازت عطیات جمع کرنا خلاف قانون قرار

سعودی عرب:بغیر اجازت عطیات جمع کرنا خلاف قانون قرار

Sun, 12 Jun 2016 17:44:32  SO Admin   S.O. News Service

ریاض،12جون؍(آئی این ایس انڈیا)سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے ایسے افراد اور اداروں کی کڑی نگرانی کا اعلان کیا ہے جو رمضان المبارک میں بغیر اجازت کے سوشل میڈیا اور((SMSکے ذریعے عطیات جمع کر رہے ہیں۔ یہ عناصر شام میں جاری بحران اور وہاں کے شہریوں کے مسائل کو بنیاد بنا کر مملکت میں شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کو جذباتی طور بلیک میل کرتے ہیں۔اس سلسلے میں اعتماد کو مضبوط کرنے کے لیے یہ عناصر اپنے فون نمبروں اور بینک کھاتوں کا اعلان بھی کرتے ہیں تاکہ وہاں عطیات جمع کرائے جا سکیں۔ ترجمان کے مطابق یہ مملکت میں نافذ قوانین کی خلاف ورزی ہے، ان میں دہشت گردی اور اس کے لیے مالی رقوم کی فراہمی کے انسداد کا قانون بھی شامل ہے۔سیکورٹی ترجمان نے واضح کیا کہ اس بات کے پیش نظر کہ بغیر اجازت عطیات کا جمع کرنا مملکت کے قوانین کی خلاف ورزی ہے، لہذا وزارت داخلہ تمام شہریوں اور مقیم افراد کو خبردار کرتی ہے کہ اس طرح کی قانون مخالف اپیلوں پر ہرگز کان نہ دھریں اور اپنے مالی عطیات براہ راست اُن متعلقہ اداروں کو بھیجیں جن کے پاس اس کام کا باقاعدہ اجازت نامہ ہے۔وزارت داخلہ کے ترجمان نے باور کرایا کہ بغیر اجازت عطیات جمع کرنے والوں کو فوری طور پر گرفت میں لایا جائے گا۔ مملکت کے قوانین کے تحت عطیات کے لیے استعمال ہونے والے بینک کھاتوں کو عارضی طور پر ضبط کیا جائے گا۔ غیر قانونی طور پر عطیات جمع کرنے والے غیر ملکی مقیمین کے خلاف مملکت کے نظام کے تحت مقررہ سزاؤں پر عمل درامد کے بعد انہیں مملکت سے بے دخل کر دیا جائے گا۔


Share: